27ویں آئینی ترمیم کا مسودہ متفقہ طور پر منظور، آج سینیٹ میں پیش کیا جائے گا
اسلام آباد:
سینیٹ اور قومی اسمبلی کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی نے 27ویں آئینی ترمیم کی شق وار متفقہ منظوری دے دی، جس کے بعد اس مسودے کو آج سینیٹ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق، آئینی ترمیم پر غور کے لیے کمیٹی روم نمبر 5 میں اجلاس چیئرمین فاروق ایچ نائیک کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیرِ مملکت برائے ریلوے و خزانہ بلال اظہر کیانی، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، پیپلز پارٹی کے نوید قمر سمیت دیگر اراکین شریک ہوئے۔
اگرچہ جے یو آئی نے گزشتہ روز اجلاس کا بائیکاٹ کیا تھا، تاہم آج ان کے رکن نے شرکت کی۔
دوسری جانب، پی ٹی آئی، ایم ڈبلیو ایم، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) اور سنی اتحاد کونسل کے نمائندے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے اور انہوں نے قومی اسمبلی و سینیٹ کے اجلاسوں کا بائیکاٹ بھی جاری رکھا۔
اجلاس دو سیشنز پر مشتمل رہا۔ پہلے سیشن میں آئین کے آرٹیکل 243 میں ترامیم کی منظوری دی گئی، جبکہ وقفے کے بعد دوسرے سیشن میں کمیٹی نے مکمل مسودے کی منظوری دی۔
اب کمیٹی اپنی رپورٹ کی صورت میں 27ویں آئینی ترمیم کو ایوانِ بالا (سینیٹ) میں پیش کرے گی۔






