آج انصاف کا قتل ہوا، فیصلے سے پورا ملک افسردہ ہے: بیرسٹر گوہر خان
اسلام آباد — چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ آج انصاف کا قتل ہوا ہے اور وہ سمجھ رہے تھے کہ سزاؤں کا سلسلہ شاید رک جائے گا اور قوم اچھی امید کے ساتھ نئے سال میں داخل ہوگی۔
اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ آج کے فیصلے پر پورا پاکستان افسردہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے کچھ لوگ انصاف کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں اور جب روزانہ ماورائے آئین فیصلے سامنے آئیں تو جمہوریت کے لیے دعا کرنا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ہی جرم میں چار مرتبہ سزائیں سنائی گئیں، جس سے ملک میں انتشار مزید بڑھے گا۔ ان کے مطابق ایسے فیصلے نہ صرف جمہوری اقدار بلکہ عدالتی نظام کے لیے بھی نقصان دہ ہیں۔
اس موقع پر تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عدالت میں سماعت تھی مگر غیر متوقع طور پر فیصلے سنا دیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اب فیصلہ کرنا ہوگا کہ آیا اس جبر کو برداشت کیا جائے یا نہیں، کیونکہ یہ معاملہ کسی ایک سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ پورے نظام سے متعلق ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا کہ تحریک انصاف اقتدار کی نہیں بلکہ اصولوں کی جنگ لڑ رہی ہے اور ملک میں قانون کی بالادستی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔





