خوشخبری:بجلی سستی ہو گئی، نیپرا کا نوٹیفکیشن جاری
اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے نومبر کے بجلی بلوں میں فی یونٹ 48 پیسے کی کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ کمی سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی درخواست پر کی گئی، جس میں 37 پیسے فی یونٹ کمی کی سفارش کی گئی تھی، تاہم نیپرا نے صارفین کو اس سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ کمی لائف لائن صارفین پر لاگو نہیں ہوگی۔ نیپرا کے مطابق یہ فیصلہ ستمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی بنیاد پر کیا گیا ہے، جس کا فائدہ کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین کو پہنچے گا۔
نیپرا کا اے ایم آئی میٹرز پر نوٹس
دوسری جانب نیپرا نے ملک کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے بغیر ریگولیٹری منظوری کے 40 لاکھ سے زائد اے ایم آئی میٹرز نصب کرنے پر نوٹس لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اربوں روپے مالیت کے اس منصوبے کے لیے نیپرا سے پیشگی منظوری حاصل نہیں کی گئی۔ کمپنیوں کا مؤقف ہے کہ منصوبہ پاور ڈویژن کی ہدایت پر شروع کیا گیا۔
حکام کے مطابق ایک عام میٹر کی قیمت 5 ہزار روپے جبکہ اے ایم آئی میٹر کی قیمت 20 ہزار روپے تک وصول کی جارہی ہے۔ یہ معاملہ نیپرا میں کیسکو کی 2025-26 سے 2029-30 تک کی کثیر سالہ ٹیرف سماعت کے دوران سامنے آیا۔






