آج سال کا سب سے بڑا ’سپر مون‘ ہوگا، پاکستان سمیت دنیا بھر میں شاندار نظارہ
ویب ڈیسک: آج شام پاکستان سمیت دنیا بھر میں سال کا سب سے بڑا اور روشن سپر مون نظر آئے گا۔
سپارکو کے مطابق یہ اس سال کے تین سپر مونز میں سے دوسرا ہے، جو حجم اور روشنی میں غیر معمولی اضافے کے ساتھ دکھائی دے گا۔ سپر مون اس وقت بنتا ہے جب مکمل چاند اپنے مدار میں زمین کے سب سے قریب پہنچتا ہے، جس کے نتیجے میں چاند معمول سے بڑا اور زیادہ روشن نظر آتا ہے۔
ماہرین کے مطابق آج شام چھ بج کر انیس منٹ پر یہ سپر مون اپنی عروج کی روشنی میں زمین سے صرف 221,817 میل فاصلے پر ہوگا۔ اس وقت چاند کا حجم تقریباً 9.7 فیصد زیادہ اور روشنی 16 فیصد زیادہ نظر آئے گی۔
سپارکو کا کہنا ہے کہ پاکستان میں صاف موسم کی وجہ سے یہ نظارہ بہت واضح ہوگا، اور شہروں کی روشن جگہوں سے دور کم روشنی والے علاقوں میں اسے بہترین انداز میں دیکھا جا سکتا ہے۔ ماہرین فلکیات کے مطابق یہ بیور سپر مون اس سال سب سے بڑا اور روشن سپر مون ثابت ہوگا، جسے نہ صرف سائنس کے شائقین بلکہ عام شہری بھی بڑی دلچسپی کے ساتھ دیکھ سکیں گے۔






