ریاض (نمائندہ خصوصی)
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ریاض سیزن کے تحت بین الاقوامی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے مختلف ممالک کے ثقافتی ہفتوں کا آغاز ہو گیا ہے۔ یہ ایونٹ سعودی وزارتِ میڈیا اور ریاض سیزن کے باہمی اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں دنیا کے مختلف خطوں کی ثقافتوں کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔
ایونٹ کا آغاز 2 نومبر سے ہو چکا ہے اور یہ سلسلہ 10 دسمبر تک سویدی پارک میں جاری رہے گا۔ اس دوران بھارت، پاکستان، بنگلہ دیش، سوڈان، مصر، شام، انڈونیشیا، فلپائن سمیت دیگر ممالک کے ثقافتی ویک منائے جائیں گے۔
یہ ثقافتی ہفتے ان ممالک کی روایتی رقص، موسیقی، دستکاری، لباس اور کھانوں کی نمائش کریں گے، اور ان ممالک کے معروف فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
ریاض سیزن حکام کے مطابق، سویدی پارک میں کھانے پینے کے خصوصی اسٹالز، روایتی بازار اور مختلف ثقافتی سرگرمیاں بھی منعقد کی جا رہی ہیں جو زائرین کو تفریح اور معلومات دونوں فراہم کریں گی۔
بچوں کے لیے ایک علیحدہ زون بھی قائم کیا گیا ہے جہاں انٹرایکٹو گیمز اور ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے انہیں مختلف ممالک کے کلچر سے آشنا کرایا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ریاض سیزن کا مقصد سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں اور دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہے۔
یہ زون ہر سال ملکی و غیر ملکیوں کے لیے خصوصی توجہ کا مرکز بن جاتا ہے، جہاں مختلف قومیتوں کے لوگ ایک دوسرے کی ثقافت کو قریب سے سمجھنے کا موقع حاصل کرتے ہیں۔






