ہرموسیلو (بین الاقوامی خبر رساں ادارہ)
شمالی میکسیکو کے شہر ہرموسیلو میں ایک سپرمارکیٹ میں ہونے والے ہولناک دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 23 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق مرنے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔
صوبہ سونورا کے گورنر الفونسو دورازو نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ زخمیوں کو شہر کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
گورنر نے کہا کہ دھماکے کی وجوہات جاننے اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے جامع اور شفاف تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔
مقامی حکام کے مطابق دھماکہ شہر کے وسط میں واقع “والڈوز” (Waldo’s) نامی اسٹور میں ہوا۔
ابتدائی تحقیقات میں دہشت گردی یا پرتشدد کارروائی کے امکان کو مسترد کر دیا گیا ہے۔
میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین باؤم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر متاثرہ خاندانوں سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔
حکام نے واقعے کی تحقیقات جاری ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر یقین نہ کریں اور صرف سرکاری اطلاعات پر اعتماد کریں۔






