افغانیوں کو دکان و گھر کرائے پر دینے والے مالکان پر 79 مقدمات درج
راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) — راولپنڈی ریجن میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ آر پی او راولپنڈی کے ترجمان کے مطابق ریجن کے تمام اضلاع، بشمول راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال اور مری میں کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق اب تک 14 ہزار 342 غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو ملک بدر کیا جا چکا ہے، جبکہ 1 ہزار 523 شہریوں کو ہولڈنگ سینٹرز منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس کی جانب سے ان افراد کو رہائش یا دکان کرائے پر دینے والے مالکان کے خلاف بھی سخت کارروائیاں جاری ہیں، اور اب تک 79 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔
آر پی او ترجمان نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی کو مکان، دکان یا گاڑی کرائے پر نہ دیں، کیونکہ ایسا کرنا قانوناً جرم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی غیر ملکی کسی قسم کا کاروبار، خرید و فروخت یا ملازمت نہیں کر سکتے۔
ترجمان نے قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی رجسٹریشن متعلقہ تھانے میں لازمی کروائیں تاکہ کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی سے محفوظ رہ سکیں۔






