آزاد کشمیر: وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک تاخیر کا شکار، پیپلز پارٹی امیدوار کا فیصلہ نہ کر سکی
مظفرآباد (نمائندہ خصوصی) — آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد مسلسل تاخیر کا شکار ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ تحریک آج بھی پیش نہیں کی جا سکے گی، جبکہ پیپلز پارٹی تاحال وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار کا نام فائنل نہیں کر سکی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نہ تو تحریکِ عدم اعتماد کا حتمی وقت دے سکی ہے اور نہ ہی نون لیگ کو شراکتِ اقتدار کے فارمولے پر آمادہ کر پائی ہے۔ اسی دوران وزیراعظم انوارالحق خود پیپلز پارٹی کو تحریک پیش کرنے کا کہہ چکے ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے اندرونی اختلافات اور اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے عمل میں تاخیر کے باعث معاملہ طول پکڑ گیا ہے۔
دوسری جانب، وزیراعظم چوہدری انوارالحق مظفرآباد میں سرکاری کاموں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے سرکاری اساتذہ کے لیے ٹائم اسکیل کی منظوری دی ہے، ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز جاری کیے ہیں اور اعلیٰ سرکاری افسران کے تبادلے بھی کیے ہیں۔
مزید برآں، وزیراعظم نے ایکشن کمیٹی کے مطالبے پر آزاد کشمیر میں ہیلتھ کارڈ کے اجرا کی منظوری بھی دے دی ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق، پیپلز پارٹی کی تاخیر اور اتحادی جماعتوں کے درمیان جاری مشاورت سے لگتا ہے کہ تحریکِ عدم اعتماد فی الحال کسی واضح سمت میں نہیں بڑھ رہی۔






