امید ہے سہیل آفریدی میری پیشکش قبول کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف
چترال (نیوز ڈیسک) — وزیراعظم شہباز شریف نے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے خیبر پختونخوا سمیت تمام صوبوں کو مل کر کام کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اپنی جگہ مگر ملکی سلامتی اور ترقی کے لیے سب کو متحد ہونا ہوگا۔
چترال میں دانش اسکول کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں امن، بھائی چارے اور اتحاد کا ثبوت دینا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو فون پر مبارک باد دیتے ہوئے مکمل تعاون کی پیشکش کی ہے اور امید ظاہر کی کہ وہ اس پیشکش کو قبول کریں گے۔
وزیراعظم نے دہشتگردی کے خلاف جدوجہد میں فیلڈ مارشل عاصم منیر اور افواجِ پاکستان کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا اور جنگ بندی میں کردار ادا کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام بہادر، محب وطن اور غیور ہیں، جنہوں نے ہمیشہ پاکستان کے استحکام کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ چترال کے عوام کی حب الوطنی مثالی ہے، اور انہیں جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دانش اسکول کا منصوبہ چترال کے عوام کا حق ہے، احسان نہیں۔ عام گھرانوں کے بچے اس اسکول میں مفت تعلیم حاصل کریں گے اور تعلیمی معیار بین الاقوامی سطح کا ہوگا۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ وفاق چترال اور خیبر پختونخوا کے ترقیاتی منصوبوں میں بھرپور تعاون کرے گا۔
وزیراعظم نے چترال کے عوام کے لیے نئے اسپتال اور گیس پلانٹ کے قیام کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پہنچتے ہی گیس پلانٹ کے آرڈرز جاری کیے جائیں گے تاکہ چترال کے عوام کو جلد از جلد ریلیف مل سکے۔
مزید برآں، انہوں نے اعلان کیا کہ چترال کے طلبہ و طالبات کو لیپ ٹاپس دیے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو جدید تعلیم اور ڈیجیٹل سہولتوں تک رسائی حاصل ہو۔






