منیلا: فلپائن میں آنے والے طاقتور طوفان کالماگی کی تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے، اور ہلاکتوں کی تعداد اب 114 تک پہنچ گئی ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امدادی کارروائیوں کے دوران فلپائن فوج کا یو ایچ-ون ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس میں سوار تمام چھ اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
سب سے زیادہ تباہی جزیرہ سیبو میں ہوئی، جہاں 39 افراد ڈوبنے یا ملبے کے نیچے آ کر اپنی جان سے گئے۔ قریبی جزیرہ بوہول سے بھی ایک ہلاکت کی اطلاع ملی ہے۔
10 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے جبکہ سیکڑوں مکانات زیرِ آب آ گئے ہیں۔ کئی شہروں میں بجلی منقطع ہے اور ٹیلی فون سروس بھی متاثر ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ کئی علاقے پانی کی تیز دھار میں بہہ گئے، اور لوگ گھروں کی چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہوئے۔
ریڈ کراس کی تصاویر میں امدادی کارکنوں کو گھٹنوں تک پانی میں کھڑے متاثرین کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقام پر منتقل کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق طوفان کے باعث 300 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، اور بحری جہازوں کو بندرگاہوں پر واپس آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔






