اہم خبریںپاکستانتازہ تریندنیا

پاکستان اور افغانستان استنبول مذاکرات میں جنگ بندی جاری رکھنے پر متفق

پاکستان اور افغانستان نے ترکی میں ہونے والے مذاکرات کے دوران جنگ بندی کو برقرار رکھنے پر اتفاق کر لیا ہے اور استنبول میں جاری مذاکرات کا مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق، افغانستان، پاکستان، ترکی اور قطر کے نمائندوں نے 25 سے 30 اکتوبر 2025 تک اجلاس منعقد کیے، جس کا مقصد دوحہ میں 18 اور 19 اکتوبر کو طے پائی جنگ بندی کو مضبوط بنانا تھا۔

تمام فریقین نے جنگ بندی کے تسلسل پر اتفاق کیا اور اس کے عمل درآمد کے مزید طریقہ کار پر غور و خوض کے بعد فیصلہ 6 نومبر 2025 کو اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، ایک مانیٹرنگ اور تصدیقی نظام قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ امن کے تسلسل کو یقینی بنایا جا سکے اور معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والے فریق کو سزا دی جا سکے۔

اعلامیے میں ثالثوں کے طور پر ترکی اور قطر نے دونوں فریقوں کی فعال شرکت پر اطمینان کا اظہار کیا اور پائیدار امن و استحکام کے لیے تعاون جاری رکھنے کا عزم دہرایا۔

ذرائع کے مطابق، پاکستانی وفد استنبول سے وطن واپسی کے لیے تیار تھا، تاہم میزبان ترکی کی درخواست پر پاکستان نے افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔ مذاکرات کا مرکزی مقصد افغانستان کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف واضح، قابل تصدیق اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button