اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

وزیراعظم شہباز شریف تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ، فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو میں شرکت کریں گے

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف آج سعودی عرب کے تین روزہ سرکاری دورے کے لیے روانہ ہوں گے، جہاں وہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو (FII) کے نویں ایڈیشن میں شرکت کریں گے۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر ریاض جائیں گے، ان کے ساتھ اعلیٰ سطح کا وفد بھی شامل ہوگا جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور کابینہ کے دیگر سینئر ارکان بھی شامل ہیں۔

فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو عالمی سرمایہ کاری، جدت اور انسانی ترقی کے موضوعات پر بات چیت کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے، جہاں حکومت، کاروبار اور مالیاتی شعبے کے رہنما اپنی رائے کا تبادلہ کرتے ہیں۔ اس سال کے ایڈیشن کا موضوع ہے: ’خوشحالی کی کنجی: ترقی کی نئی سرحدیں کھولنے‘۔

دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سعودی قیادت کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور انسانی وسائل کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع تلاش کریں گے، جبکہ علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

وزارت خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان کی اقتصادی سفارت کاری کو مضبوط کرنے اور سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور پائیدار ترقی میں سٹریٹجک شراکت داریوں کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کی تصدیق کرتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات گزشتہ برسوں میں مستحکم ہوئے ہیں اور حال ہی میں دونوں ممالک نے متعدد شعبوں میں 2.8 ارب ڈالر مالیت کی 34 مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے تھے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button