اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا دورہ منسوخ، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں ہنگامی شرکت

اسلام آباد
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی خلیجی ممالک کا سرکاری دورہ مختصر کرکے وطن واپس پہنچ گئے ہیں تاکہ آج اسلام آباد میں ہونے والے نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اہم اجلاس میں شرکت کر سکیں۔ یہ فیصلہ بھارت کی جانب سے حالیہ جارحیت اور شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے تناظر میں کیا گیا۔

محسن نقوی نے بھارتی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اقدام قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن نے ہمیشہ کی طرح رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کئی معصوم شہری شہید ہوئے۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

وزیر داخلہ نے واضح پیغام دیتے ہوئے کہا:
"پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کی کھلی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے اور پاکستان اپنی خودمختاری اور شہریوں کے تحفظ پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔”

انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے، اور ہر سطح پر دشمن کو مؤثر اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔ محسن نقوی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان داخلی و خارجی سطح پر ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

واضح رہے کہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا اجلاس آج صبح 10 بجے وزیراعظم کی زیر صدارت منعقد ہو رہا ہے، جس میں موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت ہوگی۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button