پاکستان کے فیلڈ مارشل اور وزیراعظم عظیم لوگ ہیں، صدر ٹرمپ کا ملائیشیا میں خطاب
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے یہ بات ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان امن معاہدے کی تقریب سے خطاب میں کہی۔
صدر ٹرمپ نے کہا:
"ہم نے 8 مہینوں میں 8 جنگیں ختم کیں، پاکستان اور افغانستان میں بھی جنگ ہوئی لیکن جلد ختم ہو گئی۔ پاکستان کے فیلڈ مارشل اور وزیراعظم عظیم لوگ ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ان کا ایشیا دورہ جنگ کی نہیں، بلکہ تجارت کی بات کرنے کے لیے ہے۔ اس دوران وہ چین، جنوبی کوریا کے صدور اور جاپان کے وزیراعظم سے ملاقات کریں گے، اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے بھی ملاقات کے لیے تیار ہیں۔
ٹرمپ نے بیان دیا کہ ایک سال قبل امریکہ ایک "مردہ ملک” تھا، لیکن اب یہ دنیا کا مضبوط ملک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی اقوام متحدہ کے ذریعے ہونی چاہیے، لیکن چونکہ وہ نہیں ہو رہی، اس لیے میں یہ کام کر رہا ہوں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات مثبت نتائج دے گی اور چین مزید محصولات سے بچنے کے لیے تجارتی معاہدہ کرنے پر آمادہ ہوگا۔






