اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست کی سماعت 4 نومبر کے لیے مقرر کر دی ہے۔ رجسٹرار آفس کی جانب سے جاری کاز لسٹ کے مطابق جسٹس ارباب محمد طاہر اس کیس کی سماعت کریں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست گزار بانی پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر رکھا ہے، جبکہ نیشنل سائبر کرائم ایجنسی، سپرنٹنڈنٹ جیل اور دیگر متعلقہ فریقین سے بھی جواب طلب کیا گیا ہے۔
درخواست گزار شہری غلام مرتضیٰ نے وکیل بیرسٹر ظفر اللّٰہ کے ذریعے یہ درخواست دائر کی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی غیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی ٹوئٹس ہٹائی جائیں اور اکاؤنٹ کو بلاک کیا جائے۔
ساتھ ہی درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ قید کے دوران ایکس اکاؤنٹ سے مبینہ انتشاری پوسٹس کو ہٹانے اور پھیلانے سے روکا جائے۔






