قومی ایئر لائن کی برطانیہ کے لیے پروازیں پانچ سال بعد بحال
اسلام آباد — پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے پانچ سال بعد برطانیہ کے لیے اپنی پروازیں بحال کر دی ہیں۔ آج (ہفتہ) اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے پی آئی اے کی پہلی براہِ راست پرواز روانہ ہوگی، جس کے ساتھ ہی قومی ایئر لائن کا برطانوی فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع ہو رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق، بوئنگ 777 طیارہ اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے پہلی پرواز انجام دے گا۔ اس موقع پر پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر اور اعلیٰ حکام کی جانب سے اس پیش رفت کو دو طرفہ تعلقات اور عوامی روابط کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا گیا۔
برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد فیصل نے کہا کہ پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی ایک بڑی کامیابی ہے، اور مستقبل میں برطانیہ کے مزید شہروں کے لیے بھی پروازوں کا آغاز متوقع ہے۔
واضح رہے کہ 2020 میں جعلی پائلٹ لائسنس اسکینڈل کے بعد یورپی اور برطانوی سول ایوی ایشن حکام نے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی عائد کر دی تھی، جس کے باعث قومی ایئر لائن کو بھاری مالی نقصان اور ساکھ کے بحران کا سامنا کرنا پڑا۔
پی آئی اے حکام کے مطابق، بحالی کے بعد قومی ایئر لائن برطانیہ کے لیے ہفتہ وار متعدد براہِ راست پروازیں چلانے کا ارادہ رکھتی ہے، جس سے پاکستانی مسافروں کو سہولت میسر آئے گی اور غیر ملکی زرمبادلہ میں اضافہ ہوگا۔






