اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر پابندی کی منظوری دے دی

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت مذہبی و سیاسی جماعت تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر پابندی عائد کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم کی زیرِ صدارت کابینہ کے اجلاس میں پنجاب حکومت کی سفارش پر ٹی ایل پی پر پابندی سے متعلق سمری پیش کی گئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ تنظیم کی جانب سے حالیہ پرتشدد اور انتشار پھیلانے والی سرگرمیوں کے باعث یہ فیصلہ ناگزیر ہو گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق، کابینہ نے آئین کے آرٹیکل 17 کے تحت ٹی ایل پی پر پابندی کی منظوری دیتے ہوئے وزارتِ داخلہ کو فوری طور پر مزید قانونی کارروائی کے احکامات جاری کر دیے۔

اجلاس میں پنجاب حکومت کے اعلیٰ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور کابینہ کو ٹی ایل پی کی پرتشدد کارروائیوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں اور عوامی و سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق، 2016 میں قیام کے بعد سے تنظیم نے مختلف مواقع پر ملک گیر احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کے ذریعے امن و امان کی صورتحال کو متاثر کیا۔ 2021 میں بھی تحریک لبیک پر پابندی عائد کی گئی تھی، جو بعد ازاں اس شرط پر ہٹائی گئی کہ تنظیم مستقبل میں بدامنی نہیں پھیلائے گی، تاہم اس شرط کی خلاف ورزی کے باعث دوبارہ کارروائی کی گئی ہے۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ ماضی میں ٹی ایل پی کے احتجاجی مظاہروں کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں اور عام شہریوں کی جانیں ضائع ہوئیں، جس کے پیشِ نظر تنظیم کو ایک بار پھر کالعدم قرار دینے کا فیصلہ متفقہ طور پر کیا گیا۔

واضح رہے کہ تحریک لبیک پر پہلی مرتبہ 15 اپریل 2021 کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کے دور میں پابندی لگائی گئی تھی، جو بعد ازاں 7 نومبر 2021 کو ختم کر دی گئی تھی۔

کابینہ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی و اقتصادی صورتحال، افغانستان کے ساتھ حالیہ سیز فائر معاہدے اور اس کے بعد کی علاقائی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر دفاع نے اجلاس کو افغانستان سے متعلق بریفنگ دی، جبکہ ای سی سی اور کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔

ذرائع کے مطابق، کابینہ کے اجلاس کے منٹس جاری ہونے کے بعد وزارتِ داخلہ باقاعدہ پابندی کا ڈکلیریشن نوٹیفکیشن بھی جاری کرے گی۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button