بھارتی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز دنیش کارتک نے ویرات کوہلی کے ورلڈ کپ 2027 میں کھیلنے کی خواہش اور تیاریوں کے بارے میں اہم انکشافات کیے ہیں۔ سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو میں کارتک نے اجیت اگرکار کے بیان کا حوالہ دیے بغیر ان پر تنقید کی۔
دنیش کارتک نے بتایا کہ ویرات کوہلی ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے پرعزم ہیں اور اسی مقصد کے تحت وہ اپنی طویل چھٹی کے دوران لندن میں سخت پریکٹس کر رہے تھے۔ کارتک نے کہا کہ کوہلی ہر ہفتے دو سے تین پریکٹس سیشن کرتے رہے ہیں تاکہ اپنی فارم اور فٹنس برقرار رکھ سکیں۔
کارٹک نے مزید کہا کہ ٹیم کے دیگر اہم بلے باز جیسے روہت شرما، شبمان گل اور کے ایل راہول سب ویرات کوہلی پر اعتماد کرتے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ کوہلی دباؤ کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ کارتک کے مطابق اگر ٹیم پر پریشر آئے تو کوہلی اسے بہترین انداز میں سنبھال لیتے ہیں۔
اسی روز ویرات کوہلی نے اپنے ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر ایک معنی خیز پوسٹ کی، جس میں بظاہر کسی خاص فرد یا واقعے کی طرف اشارہ نہیں تھا، مگر ماہرین اور شائقین اسے ٹیم مینجمنٹ کے ان کے حوالے سے بیانات پر ردعمل کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔