خیبرپختونخوا کے نو منتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی آج شام 4 بجے گورنر ہاؤس پشاور میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ ہاؤس کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی پشاور ہائی کورٹ کے حکم کے بعد اپنا کراچی کا دورہ مختصر کرکے گزشتہ رات ہی پشاور پہنچے۔ وہ کراچی میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ موجود تھے، جنہوں نے انہیں عدالتی احکامات پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کی۔
پشاور ہائی کورٹ نے گورنر کو حکم دیا تھا کہ وہ آج شام 4 بجے تک نو منتخب وزیراعلیٰ سے حلف لیں۔ عدالتی فیصلے میں واضح کیا گیا تھا کہ اگر گورنر دستیاب نہ ہوں تو صوبائی اسمبلی کے اسپیکر حلف لیں گے۔
اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے بھی اس سلسلے میں گورنر کو مراسلہ بھیجا، جس میں عدالت کے فیصلے کی روشنی میں کہا گیا کہ اگر گورنر تاخیر کرتے ہیں تو آئین کے مطابق اسپیکر حلف لینے کے مجاز ہیں۔
واضح رہے کہ پیر کے روز وزیراعلیٰ کے انتخابی عمل کو لے کر سیاسی بحران پیدا ہو گیا تھا۔ اپوزیشن نے پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی کہ چونکہ سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ منظور نہیں ہوا، اس لیے سہیل آفریدی کا انتخاب غیر آئینی ہے۔ یہی مؤقف گورنر نے بھی اپنایا تھا اور حلف لینے سے گریز کیا۔
دوسری جانب، تحریک انصاف نے بھی عدالت سے رجوع کیا اور مؤقف اپنایا کہ علی امین گنڈاپور اسمبلی کے فلور پر استعفیٰ دے چکے ہیں، اس لیے گورنر کا انکار غیر قانونی ہے۔ عدالت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ کسی مجاز شخصیت کو حلف لینے کے لیے نامزد کرے۔
عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے گورنر کو حلف لینے کا حکم دیا، جس کے بعد گورنر فیصل کریم کنڈی نے عدالتی حکم پر عملدرآمد کا عندیہ دیا۔
آج کی حلف برداری تقریب صوبے میں آئینی بحران کے خاتمے اور نئی حکومت کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔






