اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

وفاقی حکومت سے کہتا ہوں بہت ہوچکا:علی امین گنڈاپور

پشاور (ویب ڈیسک): خیبرپختونخوا کے مستعفی وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری عمل کا مذاق نہ بنایا جائے اور اب تک جو کچھ ہو رہا ہے، اسے مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔

نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے جاری اسمبلی اجلاس کے دوران علی امین نے محمد سہیل آفریدی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ "ہماری حکومت آئی تو صرف 18 دن کی تنخواہ موجود تھی، آج 218 ارب روپے صوبائی خزانے میں موجود ہیں، جو ہماری کارکردگی کا ثبوت ہے۔”

اپوزیشن کو فنڈز نہ دینے کا اعتراف

اپنے خطاب میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ انہوں نے اپوزیشن کو براہِ راست فنڈز نہیں دیے، تاہم ان کے حلقوں میں عوامی مفاد کے منصوبے ضرور دیے گئے۔ "اپوزیشن کو مجھ سے گلہ ہوگا، لیکن میرے نزدیک فنڈز عوام کے لیے ہوتے ہیں، سیاستدانوں کے لیے نہیں۔”

بانی پی ٹی آئی سے وفاداری کا اعادہ

علی امین نے ایک مرتبہ پھر بانیٔ تحریک انصاف عمران خان کے ساتھ مکمل وفاداری کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
"بانی پی ٹی آئی ہمارے لیے اور ہماری نسلوں کے لیے قربانی دے رہے ہیں، وہ ہمارے مستقبل کی جنگ لڑ رہے ہیں، اور ہم ان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔”

دہشت گردی اور معاشی چیلنجز پر توجہ کی اپیل

علی امین گنڈاپور نے تمام سیاسی قوتوں کو ایک ساتھ بیٹھنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ
"آؤ! مل بیٹھ کر ملک کو درپیش دہشت گردی اور معاشی چیلنجز کا حل تلاش کریں۔ یہ ہمارے لیے سب سے بڑا امتحان ہے۔”

انہوں نے اسرائیل کی شدید مذمت کرتے ہوئے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی بھی کیا اور کہا کہ پاکستان کے موجودہ حالات بھی سکیورٹی اور استحکام کے شدید تقاضا کر رہے ہیں۔

اسمبلی اجلاس کا ماحول

اجلاس کے دوران جب علی امین گنڈاپور ایوان میں داخل ہوئے تو حکومتی اراکین نے کھڑے ہو کر ان کا استقبال کیا، جب کہ اپوزیشن جماعتیں واک آؤٹ کر گئیں۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے چار امیدوار میدان میں ہیں۔ قائد ایوان منتخب ہونے کے لیے امیدوار کو کم از کم 73 ووٹ درکار ہیں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button