وسطی میکسیکو: وسطی میکسیکو میں ایک چھوٹا طیارہ ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کے دوران گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہو گئے۔
حکام کے مطابق حادثہ سان ماتیو آٹینکو کے صنعتی علاقے میں پیش آیا، جو ٹولوکا ایئرپورٹ سے تقریباً 5 کلومیٹر جبکہ میکسیکو سٹی سے 50 کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔ طیارے نے بحرالکاہل کے ساحلی شہر آکاپولکو سے پرواز بھری تھی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارہ ایک فٹ بال گراؤنڈ پر ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کر رہا تھا کہ اس دوران ایک ویئر ہاؤس کی چھت سے ٹکرا گیا، جس کے باعث شدید آگ بھڑک اٹھی۔
آگ لگنے کے باعث حفاظتی اقدامات کے تحت علاقے سے تقریباً 130 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ حادثے کے دوران طیارے کے گرنے کی ویڈیو بھی منظرِ عام پر آ گئی ہے، جس میں طیارے کو آگ کی لپیٹ میں آتے دیکھا جا سکتا ہے۔






