پاکستان سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہی سانحہ اے پی ایس کا حقیقی انصاف ہوگا، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی سرزمین سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہی سانحہ آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) کا حقیقی انصاف ہوگا۔
سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کی 11ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج پوری قوم ان شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کے روشن مستقبل کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ دلخراش سانحہ پوری قوم کے لیے ایک عظیم آزمائش تھا، جس نے دلوں کو غم سے بھر دیا، تاہم یہ قومی حوصلے کو پست نہ کر سکا۔ وزیراعظم کے مطابق اے پی ایس کے معصوم بچوں، اساتذہ اور عملے کی قربانیاں ہمیشہ قومی یادداشت کا حصہ رہیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ان کے صبر و استقامت کو سلام پیش کرتی ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے مزید کہا کہ آج جب پاکستان ایک بار پھر دہشت گردی کے ناسور کا سامنا کر رہا ہے اور ملک کے مختلف حصوں میں سیکیورٹی اہلکاروں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے تو سانحہ اے پی ایس اس حقیقت کی یاد دہانی کراتا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج اس عزم کی تجدید کی جاتی ہے کہ دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت پوری قوت کے ساتھ بھرپور کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھا جائے گا۔
آخر میں وزیراعظم شہباز شریف نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس جنگ کے تمام شہدا کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔






