اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

پاک افغان سرحد پر بلا اشتعال فائرنگ پر پاک فوج کی جوابی کارروائی، 200 سے زائد دہشت گرد ہلاک، 23 جوان شہید

راولپنڈی (آئی ایس پی آر) — پاک فوج نے پاک افغان سرحد پر افغانستان کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ اور حملوں کے جواب میں بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 200 سے زائد طالبان اور منسلک دہشت گردوں کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کر دیا ہے۔ تاہم پاکستان کے 23 بہادر جوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے جبکہ 29 فوجی زخمی ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان طالبان اور فتنۃ الخوارج نے رات کے وقت سرحد کے قریب بلا اشتعال حملے کیے، جن کا مقصد دہشت گردی کی سہولت کاری کے لیے سرحدی علاقوں کو غیر مستحکم کرنا تھا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ چوکس اور پیشہ ور مسلح افواج نے دشمن کے حملوں کو فیصلہ کن طور پر پسپا کیا اور جوابی کارروائی میں طالبان فورسز اور خوارج کو بھاری جانی نقصان پہنچایا گیا۔ اس کارروائی میں دہشت گردوں کے کیمپوں، چوکیوں اور تربیتی مراکز پر بھی چھاپے مارے گئے اور شہریوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے گئے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جوابی کارروائی کے دوران سرحد کے ساتھ ساتھ دشمن کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا اور افغان سرحد پر دشمن کی 21 چوکیوں کو قبضے میں لے لیا گیا۔ پاکستان کی مسلح افواج نے طالبان کی پوسٹوں، ہیڈکوارٹرز اور دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کو بھی مکمل طور پر نقصان پہنچایا۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاک فوج پاکستان کی علاقائی سالمیت، عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہے اور کسی بھی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دینے کے عزم پر قائم ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستانی عوام تشدد کی بجائے تعمیری سفارت کاری اور بات چیت کو ترجیح دیتے ہیں، تاہم پاکستان افغان سرزمین کے غدارانہ استعمال کو برداشت نہیں کرے گا۔ طالبان حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فتنۃ الخوارج، داعش اور دیگر دہشت گرد عناصر کے خلاف فوری اور قابل تصدیق اقدامات کرے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا پاک فوج کو خراج تحسین

وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فوج کی اس بھرپور اور مؤثر کارروائی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شہداء کی بلندی درجات کے لیے دعا کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت پر پورا ملک فخر کرتا ہے، پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان نے کئی بار افغان نگران حکومت کو دہشت گرد عناصر کے بارے میں آگاہ کیا ہے جو افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں، اور توقع ہے کہ افغان حکومت اپنی سرزمین کو دہشت گردوں کے استعمال سے محفوظ بنائے گی۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button