اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو میں نئے پیڈل ٹینس کورٹ اور فٹنس ایرینا کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانی چوہدری سالک حسین، سینیٹر فیصل سلیم، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا اور قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر بھی موجود تھے۔
افتتاح کے بعد وزیر داخلہ محسن نقوی نے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر، وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین اور چیئرمین سی ڈی اے کے ہمراہ پیڈل ٹینس کھیل کر افتتاحی سرگرمی میں حصہ لیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پیڈل ٹینس کورٹ سے ڈپلومیٹک کمیونٹی کو کھیل اور تفریح کی معیاری سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینا حکومت کی ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ڈپلومیٹک انکلیو کی تزئین و آرائش کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ محسن نقوی نے یقین دہانی کرائی کہ ڈپلومیٹک کمیونٹی کو تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈپلومیٹک کمیونٹی کا اسلام آباد میں قیام خوشگوار اور محفوظ بنانا حکومت کا مقصد ہے، اور اسلام آباد کو عالمی معیار کا دارالحکومت بنانے کے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیل اور ثقافت لوگوں کو جوڑنے کا بہترین ذریعہ ہیں، اور پاکستانی قوم کی مہمان نوازی اور خوش اخلاقی پاکستان کی پہچان ہے۔
تقریب میں چیئرمین سی ڈی اے، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔






