لندن ؛برطانوی محکمۂ موسمیات نے 21 اکتوبر سے ملک بھر میں شدید برفباری اور طوفانی بارشوں کی پیش گوئی جاری کر دی ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق بعض مقامات پر برف کی تہہ 10 سینٹی میٹر تک جم سکتی ہے، جب کہ اسکاٹ لینڈ میں درجۂ حرارت نقطۂ انجماد سے کئی درجے نیچے گرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسکاٹ لینڈ کے شمالی علاقوں میں صبح 6 بجے سے دوپہر 12 بجے تک برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کا خدشہ ہے۔ اسکاٹش ہائی لینڈز اور ایڈنبرا ان علاقوں میں شامل ہیں جو برفانی طوفان سے سب سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق شمالی انگلینڈ میں موسلا دھار بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔ مسافروں اور مکینوں کو ممکنہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ادھر شمالی ویلز، اسکاٹ لینڈ اور ہائی لینڈز کے مکینوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ متعلقہ حکام نے برفباری اور طوفانی موسم کے دوران سفر کرنے والوں کو محتاط رہنے اور موسمی حالات سے باخبر رہنے کی تلقین کی ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ برفباری موسمِ خزاں کی جانب قدرتی پیش رفت کا اشارہ ہے، تاہم اس کی شدت معمول سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے، جس کے پیشِ نظر عوام کو پیشگی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔






