اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) – افغانستان کی جانب سے پاک افغان سرحد پر رات گئے بلااشتعال فائرنگ کے بعد پاک فوج نے بھرپور اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو پسپائی پر مجبور کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے جوابی آپریشن کے دوران افغان فورسز کی 19 اہم سرحدی پوسٹوں پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ یہ وہی پوسٹیں تھیں جنہیں استعمال کرتے ہوئے پاکستانی علاقوں کو نشانہ بنایا جا رہا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی جانب سے نہایت منظم اور مؤثر انداز میں جوابی فائرنگ اور گولہ باری کی گئی، جس کے نتیجے میں متعدد افغان چوکیاں تباہ ہو گئیں، اور دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
عینی شاہدین کے مطابق زیرِ قبضہ پوسٹوں پر آگ اور تباہی کے مناظر واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں، جبکہ متعدد افغان طالبان و سیکیورٹی اہلکار اپنی چوکیاں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران کئی افغان فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ متعدد چوکیاں مکمل طور پر خالی ہو چکی ہیں۔
حکام کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بارڈر پر سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے اور کسی بھی جارحیت کا فوری، سخت اور مؤثر جواب دینے کی پالیسی پر عمل جاری ہے۔






