افغانستان کی اشتعال انگیزی پر وزیراعظم کی شدید مذمت، پاک فوج کو مؤثر جواب پر خراج تحسین
اسلام آباد (ویب ڈیسک) – وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے سرحدی علاقوں پر افغانستان کی جانب سے کی گئی اشتعال انگیزی کی شدید مذمت کی ہے اور اس کے جواب میں پاک فوج کی جانب سے کی گئی بھرپور اور مؤثر کارروائی کو قابلِ فخر قرار دیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ:
“ہماری سرحدوں پر حملہ برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ پاک افواج نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بے باک قیادت میں افغانستان کی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دیا اور متعدد دشمن پوسٹوں کو تباہ کر کے انہیں پسپائی پر مجبور کر دیا۔”
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع پر کبھی کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا اور ہر جارحیت کا بھرپور اور پیشہ ورانہ انداز میں جواب دیا جاتا رہے گا۔
"ہمارا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے”
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ:
“ہمیں اپنی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے، اور پوری قوم پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ بیرونی حملہ آوروں کو منہ توڑ جواب دیا اور ملک کی ارضی سالمیت کی حفاظت کی۔
"فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے بارے میں آگاہ کیا گیا”
وزیراعظم نے انکشاف کیا کہ پاکستان نے متعدد مواقع پر افغان حکام کو آگاہ کیا ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان جیسے دہشت گرد عناصر کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا:
“ان دہشت گرد تنظیموں کو افغانستان میں موجود کچھ عناصر کی حمایت حاصل ہے، اور پاکستان کو یہ توقع ہے کہ افغان نگران حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ اس کی زمین کسی بھی قیمت پر پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو۔”
ملک کے چپے چپے کا دفاع جانتے ہیں
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اور افواج ایک پیج پر ہیں، اور ہم ہر قیمت پر ملک کے چپے چپے کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو سکتا، اور ہماری افواج ہر چیلنج کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔






