اسلام آباد ؛ پاک افغان سرحد پر افغان فورسز کی جانب سے متعدد مقامات پر بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ شروع کیا گیا، جس پر پاکستان فوج نے فوری اور بھرپور جواب دیتے ہوئے دشمن کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان فورسز نے انگور اڈا، باجوڑ، کرم، دیر، چترال اور بارام چاہ کے علاقوں میں بلاجواز اور اشتعال انگیز فائرنگ کی۔ اطلاعات کے مطابق اس کارروائی کا مقصد دہشتگرد عناصر، بالخصوص خوارج، کو پاکستانی سرحد میں داخل کروانا تھا۔
تاہم پاک فوج کی چوکس اور مستعد سرحدی پوسٹوں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے نہ صرف فائرنگ کا مؤثر جواب دیا بلکہ دشمن کی کئی چوکیاں بھی نشانے پر لے آئیں۔ ذرائع کے مطابق پاک فوج کی بروقت جوابی کارروائی کے نتیجے میں افغانستان کی متعدد بارڈر پوسٹیں تباہ ہو گئیں جبکہ درجنوں افغان اہلکار اور خارجی ہلاک ہو گئے۔
رپورٹس کے مطابق صورتحال کی سنگینی کے باعث طالبان اہلکار اپنی کئی پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہو گئے، جبکہ متعدد لاشیں جائے وقوعہ پر بکھری ہوئی دیکھی گئیں۔
سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔






