اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں مذہبی جماعت کے احتجاج کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ، اہم شاہراہیں اور ٹرانسپورٹ سروسز معطل
اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں مذہبی جماعت کے ممکنہ احتجاج کے باعث آج دوسرے روز بھی سیکیورٹی سخت اور معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہیں۔ متعدد اہم شاہراہیں بند کر دی گئی ہیں جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ سروسز معطل ہیں جس کے باعث شہریوں کو شدید سفری مشکلات کا سامنا ہے۔
لاہور میں سڑکیں بند، ٹرانسپورٹ متاثر
لاہور میں ممکنہ احتجاج کے پیش نظر اورنج لائن ٹرین اور میٹرو بس سروس آج بھی معطل ہے۔ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے مطابق سروسز کو شہریوں کی حفاظت اور راستوں کی بندش کے پیش نظر عارضی طور پر بند کیا گیا ہے۔ البتہ سپیڈو بس سروس معمول کے مطابق جاری ہے۔
شہر میں داخلے کے اہم راستے بند کر دیے گئے ہیں۔ سگیاں پل اور راوی پل (شاہدرہ جانے والا راستہ) کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا ہے۔ پرانے راوی پل سے لاہور آنے والا راستہ بھی بند ہے جبکہ لاہور پریس کلب اور اس کے اطراف کے علاقوں میں بھی کئی مقامات پر کنٹینرز لگائے گئے ہیں، جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
راولپنڈی و اسلام آباد میں بھی صورتحال کشیدہ
راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی مذہبی جماعت کے احتجاج کے خدشے کے باعث کئی اہم سڑکیں بند ہیں۔ راولپنڈی ایکسپریس وے، فیض آباد، آئی جی پی روڈ اور فیض آباد انٹرچینج مکمل طور پر سیل کر دیے گئے ہیں۔ کھنہ پل، کری روڈ، ڈھوک کالا خان، وارث خان، کمیٹی چوک، سکستھ روڈ، شمس آباد، راول روڈ، شاہین چوک، صدر اور پرانے ایئرپورٹ کے داخلی راستے بھی بند ہیں۔
جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس دوسرے روز بھی معطل ہے جبکہ فیض آباد کے مقام پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ راولپنڈی انتظامیہ نے شہر میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے۔
شہریوں کو پریشانی، متبادل راستوں کی تلاش جاری
شہریوں کا کہنا ہے کہ بغیر پیشگی اطلاع کے راستوں کی بندش اور ٹرانسپورٹ سروسز کی معطلی سے انہیں دفاتر اور دیگر اہم امور کی انجام دہی میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ متعدد افراد کو گھنٹوں ٹریفک میں پھنسا رہنا پڑا جبکہ کچھ کو متبادل راستوں کے باعث طویل سفر طے کرنا پڑا۔
انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متبادل راستوں کا استعمال کریں۔






