واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کے خلاف بڑا تجارتی قدم اٹھاتے ہوئے چین سے درآمدات پر اضافی 100 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نومبر میں یا اس سے بھی پہلے نافذالعمل ہو سکتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ چین نے تجارت کے حوالے سے انتہائی جارحانہ مؤقف اپنایا ہے، اور یکم نومبر سے تقریباً ہر چیز پر برآمدی پابندیوں کا عندیہ دیا ہے۔ ان کے مطابق چین کے اس اقدام کے جواب میں امریکا نہ صرف اضافی محصولات عائد کرے گا بلکہ تمام اہم سافٹ ویئرز پر برآمدی کنٹرول بھی نافذ کیے جائیں گے۔
صدر ٹرمپ نے کہا: "یقین کرنا مشکل ہے کہ چین ایسا قدم اٹھا سکتا ہے، لیکن اس نے اٹھا لیا ہے۔” تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ چینی صدر شی جن پنگ سے ان کی ملاقات منسوخ نہیں کی گئی۔
عالمی سفارتی سرگرمیوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ اپنے مشرق وسطیٰ کے دورے کے دوران مصر بھی جائیں گے اور اسرائیلی پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ یرغمالیوں کی واپسی کا عمل پیر سے شروع ہو جائے گا، تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔






