اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

افغان مہمان نوازی کی قیمت اپنے خون سے اداکر رہے، وقت آگیا کہ افغان مہمان واپس جائیں: خواجہ آصف

اسلام آباد (سیاسی رپورٹ) – وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے الزام عائد کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنے دورِ حکومت میں ہزاروں طالبان کو پاکستان لا کر بسایا، اور آج بھی تحریک انصاف دہشت گردوں سے مذاکرات کی بات کرتی ہے۔

خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں افغان پالیسی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا:

"افغان حکومت کے ساتھ سالوں پر محیط مذاکرات اور وفود کے کابل آنے جانے کے باوجود پاکستان میں خونریزی بند نہیں ہوئی۔ ہماری فوج اور عوام کا مسلسل خون بہایا جا رہا ہے۔ روزانہ ہم اپنے فوجی جوانوں کے جنازے اٹھا رہے ہیں۔”

"مہمان نوازی کی قیمت خون سے ادا کر رہے ہیں”

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ:

"ہم نے 60 سال تک 60 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کی، لیکن اس مہمان نوازی کی قیمت ہمیں اپنے خون سے ادا کرنا پڑی ہے۔ اب وقت آ چکا ہے کہ افغان مہمان اپنے گھروں کو واپس جائیں۔”

انہوں نے افغان مہاجرین پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا:

"یہ کیسے مہمان ہیں جو میزبانوں کا خون بہاتے ہیں، اور قاتلوں کو پناہ دیتے ہیں؟ یہ رویہ اب مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا۔”

قومی اسمبلی میں سخت موقف

اس سے قبل قومی اسمبلی میں بھی اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے دہشت گردوں کے لیے نرم گوشہ رکھنے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ:

"دہشت گردوں کو پناہ دینے والوں کو حساب دینا ہوگا۔ اب اگر کوئی رعایت دی گئی تو اس کا نتیجہ کولیٹرل ڈیمیج کی صورت میں بھی سامنے آئے گا۔”

سیاسی ردعمل کا امکان

وزیر دفاع کے ان بیانات پر تحریک انصاف کی جانب سے شدید سیاسی ردعمل متوقع ہے، خصوصاً عمران خان پر لگائے گئے الزامات کے تناظر میں۔

خواجہ آصف کے بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں ایک بار پھر اضافہ دیکھا جا رہا ہے، اور افغان مہاجرین کی واپسی سے متعلق حکومتی پالیسی پر بھی اندرون و بیرون ملک بحث جاری ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button