کراچی – سندھ حکومت نے صوبے بھر میں ہندو برادری کے مذہبی تہوار دیوالی کے موقع پر 20 اکتوبر بروز پیر کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
اس حوالے سے صوبائی حکومت کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق صوبے کے تمام سرکاری دفاتر اس روز بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ تعطیل کا فیصلہ سندھ میں رہائش پذیر ہندو کمیونٹی کی مذہبی آزادی اور ثقافتی روایات کا احترام کرتے ہوئے کیا گیا ہے۔
دیوالی، روشنیوں کا تہوار، ہندو مذہب کا ایک اہم دن ہے، جسے خوشی، روشنی، اور نئی شروعات کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے۔ سندھ بالخصوص کراچی، حیدرآباد، میرپور خاص اور عمرکوٹ جیسے شہروں میں ہندو برادری کی بڑی تعداد آباد ہے، جو ہر سال دیوالی کی تقریبات بھرپور جوش و جذبے سے مناتی ہے۔
حکومت سندھ کے اس اقدام کو اقلیتی برادری کی مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے طور پر سراہا جا رہا ہے۔






