کوالالمپور – وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے ملائیشیا کے سرکاری دورے کے دوران وزیراعظم انوار ابراہیم نے ان کا دفتر پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے سے گرمجوشی سے گلے مل کر خیرمقدم کیا، جبکہ ملائیشیا کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم پاکستان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
استقبالی تقریب میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے، جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزرا، اعلیٰ حکام اور دیگر معززین سے مصافحہ کیا۔
وزیراعظم کے اس اہم دورے کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، آئی ٹی، تعلیم، توانائی اور ڈیجیٹل معیشت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوگی۔ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے، جبکہ متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔
بعدازاں جب وزیراعظم شہباز شریف اپنی رہائش گاہ پہنچے تو ملائیشیا کے وزیراعظم انوار ابراہیم نے ایک بار پھر ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور "خوش آمدید” کہا۔
مشترکہ پریس کانفرنس: دوستی اور تعاون کے نئے باب کی نوید
دورے کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم انوار ابراہیم نے کہا:
"وزیراعظم شہباز شریف کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ان کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی دوستی اور دیرینہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ یہ دورہ 2024 میں میرے پاکستان کے دورے کا تسلسل ہے، اور ہم مختلف شعبوں میں باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔
ملائیشین وزیراعظم کا کہنا تھا کہ:
"وقت کے ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ ہم پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری سمیت تعاون کے نئے ممکنہ شعبوں کو تلاش کریں گے۔”
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان امن ناگزیر ہے، اور دہشتگردی کے خلاف تعاون جاری رکھنے کا عزم بھی دہرایا۔






