لاہور/فیصل آباد/سمندری: پنجاب بھر میں جاری موسلا دھار مون سون بارشوں نے تباہی مچادی، مختلف شہروں میں چھتیں گرنے کے افسوسناک واقعات میں کم از کم 11 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ شدید بارشوں کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے اور متعدد سڑکیں زیرِ آب آ گئیں۔
لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ کے نواحی گاؤں مریدوال میں افسوسناک واقعے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں میاں بیوی، بہو اور دو پوتیاں شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
رائیونڈ کے علاقے کوٹ جمال پورہ میں بھی ایک مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، جبکہ ایک اور واقعے میں مزید تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔
فیصل آباد کے علاقے سیتانہ روڈ پر مکان کی چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق جبکہ ان کے تین بچے زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سمندری میں بھی چھت گرنے کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔
واسا (WASA) کے مطابق گزشتہ رات سے بارش کے چار اسپیل ریکارڈ کیے گئے، جن میں پانی والا تالاب میں سب سے زیادہ 171 ملی میٹر، اقبال ٹاؤن میں 169 ملی میٹر اور تاج پورہ میں 167 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شدید بارش کے باعث لاہور کی کئی شاہراہیں زیرِ آب آگئیں، جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔
محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 17 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر محفوظ عمارتوں سے دور رہیں، اور ہنگامی صورتِ حال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 یا مقامی حکام سے رابطہ کریں۔
ادھر اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جس نے موسم کو تو خوشگوار بنا دیا ہے، تاہم جان و مال کا نقصان تشویشناک صورتحال اختیار کر چکا ہے۔






