وزیراعظم شہباز شریف 3 روزہ سرکاری دورے پر ملائیشیا روانہ
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف آج ملائیشیا کے وزیراعظم انوار ابراہیم کی دعوت پر 3 روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
سرکاری بیان کے مطابق وزیراعظم اپنے ملائیشین ہم منصب سے ملاقات کریں گے جس میں دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دونوں رہنما تجارت، آئی ٹی و ٹیلی کام، حلال صنعت، سرمایہ کاری، تعلیم، توانائی، انفرا اسٹرکچر، ڈیجیٹل معیشت اور عوامی روابط جیسے اہم شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر غور کریں گے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اس دورے کے دوران موجودہ تعاون کو وسعت دینے اور نئے شعبوں میں اشتراک عمل سے متعلق متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے جانے کا بھی امکان ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ:
"یہ دورہ پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ دونوں ممالک امن، استحکام، تجارت، سرمایہ کاری اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔”
واضح رہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوستانہ تعلقات تاریخی اہمیت کے حامل ہیں، اور اس دورے کو دونوں ممالک کے مابین سفارتی، اقتصادی اور عوامی سطح پر تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔






