پاکستانی معیشت کو مستحکم کرنا اولین ترجیح ہے، وزیراعظم شہباز شریف
پاکستانی معیشت کو مستحکم کرنا اولین ترجیح ہے، وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر مستحکم کرنا ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے یہ بات غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی شریک ہوئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ مثبت معاشی رجحانات اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ عالمی سرمایہ کار پاکستان کی معیشت پر اعتماد رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی فلاح، روزگار کے مواقع اور اقتصادی ترقی کے لیے سرمایہ کاری کے تمام مواقع استعمال کرے گی۔ وزیراعظم نے نجی شعبے کے کردار کو بھی کلیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقتصادی سرگرمیوں میں نجی شعبہ اہم شراکت دار ہوگا۔
وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی کہ وہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کریں تاکہ سرمایہ کاری کا ماحول مزید بہتر بنایا جا سکے۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے مربوط حکمت عملی اور پائیدار اقدامات ناگزیر ہیں۔






