(ویب ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف بیرونِ ملک دورے کے بعد اسلام آباد واپس پہنچ گئے۔ ان کی وطن واپسی پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نور خان ایئربیس پر ان کا استقبال کیا۔
وزیراعظم نے اپنے دورے کے دوران اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کیا، جس میں انہوں نے مسئلہ کشمیر اور فلسطین جیسے اہم عالمی مسائل کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔ اس کے علاوہ ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور متعدد اسلامی ممالک کے رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں بھی ہوئیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے ساتھ ایک تاریخی معاہدہ بھی کیا، جس کے بارے میں توقع کی جا رہی ہے کہ وہ دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔
وزیراعظم لندن سے پاکستان روانہ ہوئے تھے جہاں انہوں نے طبی معائنہ (چیک اپ) بھی کرایا۔ وہ تین روز لندن میں قیام پذیر رہے اور اس دوران انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے مختلف وفود سے ملاقاتیں بھی کیں، جن میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔






