اسلام آباد: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو وزیراعلیٰ مریم نواز کی کارکردگی سے خوف آتا ہے۔ انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل دیا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ:
"اگر اتحادی جماعت ڈھنگ کا مشورہ دے تو ہم ضرور لیں گے، مگر آپ نے سیاست شروع کر دی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت بیرونی امداد نہیں لے رہی تو کسی کو زبردستی کا اختیار نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ:
"انتظامی معاملات میں کسی اور صوبے کا دخل دینا یا سیاسی رنگ دینا مناسب نہیں۔ ضروری نہیں کہ تمام سیلاب متاثرین بی آئی ایس پی میں رجسٹرڈ ہوں۔”
وزیر اطلاعات پنجاب نے واضح کیا کہ:
"جب سندھ میں سیلاب آیا تھا تو ہم نے کوئی سیاسی بیان بازی نہیں کی تھی۔ پیپلز پارٹی کو وزیراعلیٰ مریم نواز کی گورننس اور ترقیاتی اقدامات سے خوف محسوس ہو رہا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ پرفارمنس کا مقابلہ ضرور کریں، مگر الزام تراشی نہ کریں۔ ان کے بقول پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد ملک میں سیاسی استحکام اور آگے بڑھنے کی راہ میں اچھی کارکردگی دکھا رہا ہے۔






