اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

سرکاری حج اسکیم کے تحت واجبات کی وصولی کا آغاز، درخواستیں جمع کرانے کا عمل شروع

اسلام آباد: وزارتِ مذہبی امور نے سرکاری حج اسکیم 2026 کے تحت عازمین حج سے واجبات کی وصولی کا عمل آج سے شروع کر دیا ہے۔ اس مرحلے میں رجسٹرڈ عازمین 9 اگست تک اپنی درخواستیں اور پہلی قسط جمع کرا سکتے ہیں۔

وزارت کے مطابق حج اخراجات دو اقساط میں وصول کیے جائیں گے۔ 38 سے 42 روزہ مکمل حج پیکج کے لیے پہلی قسط 5 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ 20 سے 25 روزہ مختصر حج کے خواہشمند افراد کو پہلی قسط کے طور پر ساڑھے 5 لاکھ روپے جمع کرانا ہوں گے۔

حج درخواستیں ملک بھر میں قائم 14 نامزد بینکوں کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہیں، اور پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر نشستیں مختص کی جائیں گی۔

وزارت کا کہنا ہے کہ اس مرحلے میں صرف رجسٹرڈ عازمین کو موقع دیا جا رہا ہے۔ سرکاری اسکیم کا کوٹہ مکمل ہوتے ہی درخواستوں کی وصولی روک دی جائے گی۔ تاہم، اگر نشستیں باقی بچ گئیں تو 11 سے 16 اگست کے دوران غیر رجسٹرڈ عازمین کو بھی درخواست جمع کرانے کا موقع دیا جائے گا۔

حج واجبات کی دوسری قسط یکم نومبر سے وصول کی جائے گی، جس کے بعد کامیاب عازمین کی حتمی فہرست تیار کی جائے گی۔

یہ اسکیم حکومتِ پاکستان کی جانب سے سہولت اور شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دی گئی ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد باوقار اور منظم انداز میں فریضۂ حج ادا کر سکیں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button