موسم کیسا رہے گا؟ بارش ہوگی یا نہیں؟ محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی
اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم کچھ علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جس سے موسم جزوی طور پر خوشگوار ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے جنوبی اضلاع بہاولنگر، بہاولپور اور رحیم یار خان میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
سندھ کے کئی اضلاع میں بھی بارش کی توقع ہے جن میں بینظیر آباد، لاڑکانہ، دادو، عمر کوٹ، تھرپارکر، بدین، سانگھڑ، مٹھی، میرپورخاص، ٹنڈو اللہ یار اور ٹنڈو محمد خان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کراچی، حیدرآباد، خیرپور، جامشورو، سجاول اور ٹھٹھہ میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے گرمی کی شدت میں کمی اور موسم کی خوشگواری متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں بھی مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا۔ خاص طور پر چترال، دیر، سوات اور کوہستان میں بادل چھائے رہنے کا امکان ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی موسم عمومی طور پر خشک اور مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر بارش کے دوران سفر اور کھلی جگہوں میں جانے سے گریز کریں۔






