اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

فتح-4 کروز میزائل کا کامیاب تجربہ، پاکستان نے دفاعی میدان میں نئی تاریخ رقم کر دی

اسلام آباد: پاکستان نے دفاعی صلاحیتوں میں ایک اور شاندار اضافہ کرتے ہوئے مقامی سطح پر تیار کردہ فتح-4 گراؤنڈ لانچ کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ یہ میزائل جدید ایویونکس اور نیویگیشنل سسٹمز سے لیس ہے اور 750 کلومیٹر تک اپنے ہدف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، فتح-4 میزائل کی شمولیت سے آرمی راکٹ فورس کمانڈ کی استعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ اس میزائل کی سب سے بڑی خوبی اس کی ٹیرین ہگنگ پرواز ہے، جو دشمن کے میزائل ڈیفنس سسٹمز کو چکمہ دے کر ہدف کو مؤثر انداز میں تباہ کرنے کی صلاحیت فراہم کرتی ہے۔

کامیاب تجربے کا مشاہدہ چیف آف جنرل اسٹاف، پاک افواج کے سینیئر افسران، اور میزائل کی تیاری میں شامل سائنسدانوں و انجینئرز نے کیا۔ اس موقع پر ملک کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے بھرپور مبارکباد دی گئی۔

صدر مملکت، وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے فتح-4 کے کامیاب تجربے پر پاک افواج، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی اور اس کامیابی کو پاکستان کی دفاعی خود انحصاری کی مظہر قرار دیا۔

دوسری جانب، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی کامیاب تجربے پر پوری قوم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ فتح-4 میزائل کا تجربہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت میں ایک انقلابی پیش رفت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ:

"پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، لیکن اگر کسی نے ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو بہت جلد وہ اپنے انجام سے واقف ہوگا۔”

وزیراعلیٰ سندھ نے اس کامیابی پر پاک افواج، انجینئرز اور سائنسدانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام اہلکار قوم کے اصل ہیرو ہیں۔

فتح-4 میزائل کی کامیابی سے پاکستان کی دفاعی حکمت عملی کو مزید تقویت ملی ہے، جو خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے نہایت اہم سنگ میل ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button