اہم خبریںکرکٹکھیل

شاہد آفریدی کا نریندر مودی کو کرارا جواب: "کھیل کو سیاست سے دور رکھیں”

اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ایشیا کپ میں بھارت کی جیت پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے متنازع بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کھیل میں سیاست شامل کرنا افسوسناک ہے، جبکہ پاکستان نے ہمیشہ اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کیا ہے۔

گزشتہ رات بھارت کی ایشیا کپ میں فتح کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر بھارتی ٹیم کو مبارکباد دی، لیکن اس کے ساتھ ہی اپنے بیان میں کامیابی کو نام نہاد "آپریشن سندور” سے جوڑ دیا۔ مودی کے اس بیان کو نہ صرف پاکستان بلکہ خود بھارت میں بھی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

سابق کپتان شاہد آفریدی نے ایکس پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا:

"یہ ہے اصل فرق! ہم ہمیشہ خالص اسپورٹس مین شپ کے ساتھ کھیلے ہیں اور جنگ کو کھیل سے دور رکھا ہے۔ مگر دنیا نے دیکھ لیا کہ جب جنگ کا نتیجہ آیا تو اسکور بورڈ پر اسکور 0-7 تھا۔”

آفریدی کے اس بیان کا اشارہ پاک فضائیہ کی اُس کارروائی کی جانب تھا جس میں بھارتی طیارے مار گرائے گئے تھے۔

مودی کو بھارتی اپوزیشن کی بھی تنقید کا سامنا

نریندر مودی کے کھیل کو جنگی پروپیگنڈے سے جوڑنے پر بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس رہنما اتل پٹیل نے کہا:

"کھیل کو جنگی بیانیے سے ملانا ناقابل قبول ہے۔ کیا وزیر اعظم کو خارجہ پالیسی اور سفارت کاری کی کوئی سمجھ ہے؟ اگر میچ کھیلا تھا تو کھیل کی روح کے ساتھ کھیلا جانا چاہیے تھا، نہ کہ اسے سیاسی پروپیگنڈے کا حصہ بنایا جاتا۔”

سیاسی رنگ دینے پر بین الاقوامی سطح پر تشویش

کرکٹ ایک عالمی کھیل ہے جو اقوام کو جوڑنے کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ مگر کھیل کو سیاسی عزائم کے لیے استعمال کرنے کے رجحان پر ناقدین مسلسل آواز بلند کر رہے ہیں۔ حالیہ تنازع نے ایک بار پھر یہ سوال اٹھا دیا ہے کہ آیا کھیل کو سفارتی و عسکری بیانیے سے الگ رکھنا ممکن ہے یا نہیں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button