دبئی — ایشیا کپ کے فائنل میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ دبئی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس اہم میچ میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔ بھارت نے ٹاس جیتنے کا یہ سلسلہ جاری رکھا ہے، جبکہ دونوں ٹیموں نے ٹاس کے بعد ایک بار پھر ہاتھ نہیں ملائے۔ تاہم اس بار ایک منفرد منظر بھی دیکھنے میں آیا، جہاں پاکستانی کپتان سے پاکستانی اور بھارتی کمنٹیٹرز نے بات چیت کی۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور فخر زمان نے کیا۔ ابتدائی اوورز میں دونوں بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور بغیر کسی نقصان کے پاکستان نے 77 رنز بنا لیے۔ صاحبزادہ فرحان نے 38 گیندوں پر 57 رنز کی نصف سنچری بنائی لیکن دسویں اوور میں وہ ورون چکرورتی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
صائم ایوب نے 14 رنز بنائے لیکن وہ بھی کلدیپ سنگھ کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ محمد حارث جلدی پویلین لوٹ گئے جبکہ فخر زمان 46 رنز پر کیچ دے کر پویلین روانہ ہوئے۔ پاکستانی بیٹنگ لائن بری طرح متاثر ہوئی اور پانچ وکٹیں تیزی سے گر گئیں۔
کپتان سلمان علی آغا صرف 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف اور حارث رؤف بھی کم رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور 146 رنز پر 9 وکٹیں گنوا چکا ہے۔
پاکستان کی مکمل پلیئنگ الیون میں سلمان علی آغا (کپتان)، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، فخر زمان، حسین طلعت، محمد نواز، محمد حارث، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل ہیں۔
بھارت کی جانب سے تین تبدیلیاں کی گئی ہیں جبکہ ہاردک پانڈیا فٹ نہ ہونے کی وجہ سے میچ میں حصہ نہیں لے پا رہے۔ بھارتی ٹیم میں شبمن گل، ابھیشیک شرما، سوریا کمار یادوو، تلک ورما، سنجو سام سن، شیوم دوبے، رنکو سنگھ، اکسر پٹیل، کلدیپ یادوو، ورون چکرورتی اور جسپرت بمرا شامل ہیں۔






