اسلام آباد: (نمائندہ خصوصی) پانچ سال کے وقفے کے بعد قومی ایئرلائن (PIA) کی برطانیہ کے لیے پروازیں بحال ہو گئیں۔ اسلام آباد سے مانچسٹر جانے والی پہلی پرواز کامیابی سے اپنی منزل پر پہنچ گئی۔
ترجمان قومی ایئرلائن کے مطابق بوئنگ 777 طیارہ اسلام آباد سے برطانیہ کے شہر مانچسٹر کے لیے روانہ ہوا اور تقریباً پانچ گھنٹے کے براہ راست سفر کے بعد مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجے مانچسٹر ایئرپورٹ پر اُترا۔
مانچسٹر ایئرپورٹ پر پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے پرواز کا پرتپاک استقبال کیا اور "پاکستان زندہ باد” کے نعرے لگائے۔
گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے ہوابازی و دفاع خواجہ آصف نے قومی ایئرلائن کے برطانیہ فلائٹ آپریشن کی بحالی کا افتتاح کیا تھا۔ افتتاحی تقریب میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
یاد رہے کہ 2022 میں اُس وقت کے وزیرِ ہوا بازی غلام سرور خان کے ایوان میں پاکستانی پائلٹوں کی مبینہ جعلی ڈگریوں سے متعلق بیان کے بعد یورپی یونین اور برطانیہ نے PIA پر پابندی عائد کر دی تھی۔ اب پابندی کے خاتمے کے بعد قومی ایئرلائن نے ایک مرتبہ پھر برطانیہ کے لیے اپنی پروازوں کا آغاز کر دیا ہے۔






