تحریک انصاف کا آج پشاور رنگ روڈ پر طاقت کا مظاہرہ، جلسے کی تیاریاں مکمل، رہنماؤں کے اہم خطابات متوقع
پشاور (نمائندہ خصوصی) – پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آج پشاور کے رنگ روڈ پر ایک بڑے جلسہ عام کا انعقاد کر رہی ہے، جس کے لیے سٹیج، کرسیاں اور دیگر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ پارٹی کی قیادت کا کہنا ہے کہ یہ جلسہ تاریخی ثابت ہوگا۔
ذرائع کے مطابق جلسے میں شرکت کے لیے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سمیت ملک بھر سے کارکنان کی آمد متوقع ہے۔ جلسے سے خطاب کرنے والوں میں شامل ہیں:
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور
پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان
سینئر رہنما اسد قیصر
قانون دان سلمان اکرم راجہ
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنیں، علیمہ خان اور عظمیٰ خان بھی جلسے میں شرکت کریں گی۔
سکیورٹی کے فول پروف انتظامات
ضلعی انتظامیہ کے مطابق جلسے کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ جلسہ گاہ کے اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر بھی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔
جلسہ، چندہ اور کارکنوں کے اخراجات پر ہو رہا ہے: مینا خان آفریدی
پی ٹی آئی رہنما مینا خان آفریدی نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ عمران خان کی کال پر ہونے والا ایک تاریخی اجتماع ہوگا، جس میں پانچ لاکھ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔






