پاک فوج کی موثر جوابی کارروائی، بھارتی چیک پوسٹس اور ہیڈکوارٹرز تباہ
راولپنڈی: لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے پانڈو اور حاجی پیر سیکٹرز پر بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیتے ہوئے پاک فوج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، جس کے نتیجے میں بھارتی فوج کے کئی اہم ٹھکانے تباہ ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، پانڈو سیکٹر میں بھارتی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ کے جواب میں پاک فوج نے مؤثر اور بھرپور کارروائی کرتے ہوئے بھارتی بٹالین ہیڈکوارٹر "نانگا ٹک” سمیت دیگر چیک پوسٹوں کو شدید نقصان پہنچایا۔ جوابی فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں دشمن کے متعدد مراکز تباہ ہو گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ ماضی کی طرح اس بار بھی پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور بروقت کارروائی نے دشمن کو واضح پیغام دے دیا کہ وطن عزیز کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ قبل ازیں بھی کئی مواقع پر بھارت کو اسی نوعیت کی کارروائیوں کے بعد بھاری نقصان اٹھانا پڑا تھا، یہاں تک کہ بعض چیک پوسٹوں پر بھارتی فوج کو سفید جھنڈا لہرانے پر مجبور ہونا پڑا۔
اسی طرح حاجی پیر سیکٹر میں بھی بھارت کی جانب سے شرانگیزی کے جواب میں پاک فوج نے نہایت مؤثر ردِعمل دیتے ہوئے "جھنڈا زیارت” چیک پوسٹ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس حملے سے دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچا۔
واضح رہے کہ ایل او سی پر بھارت کی جانب سے وقتاً فوقتاً اشتعال انگیزی کی جاتی ہے، جس کا پاکستان ہر بار نہایت ذمہ داری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے جواب دیتا ہے۔ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے، لیکن ملکی خودمختاری اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں۔





