وزیراعظم شہباز شریف کا معرکہ حق کو عظیم فتح قرار ،فیلڈ مارشل نے دکھایا جنگیں کیسے لڑی جاتی ہیں
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے معرکہ حق کو پاکستان کی عظیم فتح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دکھایا کہ جنگیں کیسے لڑی جاتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنگلا دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاک بنگلا دیش تعلقات مزید بہتر ہوں گے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت و سفارتی روابط کو بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پوری دنیا نے دیکھا کہ پاکستان نے بھارت کو شکست فاش دی، اور پاک فوج نے دلیری اور بہادری سے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا۔
شہباز شریف نے پاک فوج کی بہترین تربیت، ائیر فورس اور ائیر چیف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے دنیا کو دکھا دیا کہ جنگ کیسے لڑی جاتی ہے۔
وزیراعظم نے فلسطین کے حوالے سے مشترکہ اعلامیہ آنے کا اعلان کیا اور کہا کہ غزہ میں جلد سیز فائر ہوگا، جس پر عمل درآمد کے حوالے سے آج تفصیلی گفتگو ہوگی۔
اقوام متحدہ میں ماحولیاتی کانفرنس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ قرض لے کر مسائل حل نہیں ہو سکتے، عالمی برادری کو ماحولیاتی مالیاتی وعدے پورے کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے 50 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے، 4100 دیہات تباہ ہو گئے اور ایک ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان گرین انرجی اور متبادل توانائی کی جانب منتقلی کی کوششوں کو جاری رکھے گا تاکہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے۔






