نیویارک / واشنگٹن – 24 ستمبر 2025:
وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان نیویارک میں ایک غیر رسمی ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور خوشگوار ماحول میں تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ٹرمپ کے درمیان باضابطہ ملاقات کل واشنگٹن میں طے پا گئی ہے، جس میں اعلیٰ سطحی سیاسی و حکومتی شخصیات بھی شریک ہوں گی۔ وزیراعظم آج نیویارک سے واشنگٹن کے لیے روانہ ہوں گے۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کی قیامِ امن کے لیے کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ "صدر ڈونلڈ ٹرمپ امن کے داعی ہیں اور دنیا بھر میں امن قائم کرنے کے خواہاں ہیں۔”
وزیراعظم نے مزید کہا کہ امریکی صدر نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران عالمی امن کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے خاص طور پر پاک بھارت جنگ بندی میں صدر ٹرمپ اور ان کی ٹیم کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس تعاون پر اُن کا دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہے۔
سیاسی مبصرین اس ملاقات کو پاک امریکہ تعلقات میں بہتری کی ایک اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔






