اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

افغان حکومت سے مذاکرات کیلئے وفد جائے گا، مثبت پیغام ملا ہے: علی امین گنڈاپور

پشاور – وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ افغانستان کی حکومت مسئلے کا حل چاہتی ہے اور وہاں سے مثبت پیغام موصول ہوا ہے۔ افغانستان سے بات چیت کے لیے جلد ایک وفد روانہ کیا جائے گا، جو افغان حکومت سے مذاکرات کرے گا۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف صرف آپریشنز کے تجربات کارگر ثابت نہیں ہوئے، اس لیے ہم نے مذاکرات کا راستہ اپنانے کی بات کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے افغانستان بھیجے جانے والے وفد کے لیے نام طلب کیے ہیں، اور خیبرپختونخوا حکومت اپنے نمائندوں کے نام وفاق کو بھیج دے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کے خلاف براہ راست کارروائی وفاق اور فوج کا مینڈیٹ ہے، تاہم صوبائی حکومت نے افغان حکومت کے ساتھ بات چیت کی پیشکش کی تھی، جس پر وفاق کی جانب سے تنقید کی گئی۔ "ہم نے آئینی دائرے میں رہتے ہوئے اقدام کیا ہے، اور وفاق سے مکمل رابطے میں ہیں،” وزیراعلیٰ نے کہا۔

سیاسی مؤقف اور انتخابی مہم پر گفتگو

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ملک میں لاقانونیت ہے اور ان کے خلاف قائم تمام مقدمات بے بنیاد ہیں۔ "ہم آزادی کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے،” انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں جلسے کیے جائیں گے، اور عوام یہ ثابت کریں گے کہ پوری قوم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے اداروں پر زور دیا کہ وہ آئین کے مطابق اپنی حدود میں رہ کر کام کریں۔ "ہم عوام کی حقیقی جنگ لڑ رہے ہیں، اور ہمارا مؤقف آئینی و جمہوری ہے،” ان کا کہنا تھا۔

کرکٹ اور بھارت سے شکست پر ردعمل

پاکستان بھارت کرکٹ میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ کوئی عام میچ نہیں ہوتا، اور بار بار شکست پر افسوس ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر محسن نقوی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "محسن نقوی نے اداروں کے ساتھ ساتھ کرکٹ ٹیم کو بھی تباہ کر دیا ہے۔”

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button