اہم خبریںدنیا

ڈونلڈ ٹرمپ کی آج عرب و مسلم رہنماؤں سے اہم ملاقات، کون سےتجاویز پیش کریں گے؟جانیں

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر عرب اور مسلم ممالک کے رہنماؤں سے اہم ملاقات کریں گے، جس میں غزہ میں جنگ کے بعد کی صورتِ حال، امن کی بحالی اور مستقبل کی حکمرانی سے متعلق امریکی تجاویز پیش کی جائیں گی۔

امریکہ کا نیا منصوبہ: غزہ میں امن اور حکمرانی کا ماڈل

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ کی جانب سے اس ملاقات میں عرب اور مسلم ممالک پر زور دیا جائے گا کہ وہ غزہ میں عبوری امن فوج تعینات کرنے پر غور کریں تاکہ اسرائیل کا انخلا ممکن بنایا جا سکے۔

واشنگٹن کا مؤقف ہے کہ غزہ میں امن و استحکام کے لیے صرف جنگ بندی کافی نہیں، بلکہ ایک نیا حکومتی ڈھانچہ ضروری ہے جس میں حماس کا کوئی کردار نہ ہو۔ امریکہ یہ بھی چاہتا ہے کہ عرب و مسلم ممالک نہ صرف غزہ میں اقتدار کی منتقلی کے عمل کی حمایت کریں، بلکہ تعمیر نو اور بحالی کے لیے مالی معاونت بھی فراہم کریں۔

کون کون شریک ہوگا؟

اس اہم ملاقات میں پاکستان، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، ترکیہ، مصر، اردن اور انڈونیشیا کے سربراہان شرکت کریں گے۔ ان ممالک کو اس لیے مدعو کیا گیا ہے کیونکہ یہ خطے میں اثرورسوخ رکھتے ہیں اور فلسطینی مسئلے پر ان کا مؤقف عالمی سطح پر اہم سمجھا جاتا ہے۔

غزہ: جنگ کے بعد کا منظرنامہ زیرِ غور

ذرائع کے مطابق ملاقات میں اسرائیلی افواج کے ممکنہ انخلا، غزہ کی آئندہ حکمرانی، اور خطے میں قیامِ امن کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ امریکہ کی کوشش ہے کہ ایک ایسا فریم ورک ترتیب دیا جائے جس کے تحت غزہ میں غیر جانب دار حکمرانی ممکن ہو اور حماس کی سیاسی و عسکری مداخلت مکمل طور پر ختم کی جا سکے۔

وائٹ ہاؤس کی تصدیق

اس سے قبل وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے بھی اس ملاقات کی تصدیق کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ صدر ٹرمپ اقوام متحدہ اجلاس کے سائیڈ لائن پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کے بعد عرب و مسلم رہنماؤں سے تفصیلی بات چیت کریں گے۔

ترجمان کے مطابق ان ملاقاتوں کا مقصد خطے میں پائیدار امن، انسانی بحران کا حل، اور ایک متفقہ حکمرانی کا ماڈل تشکیل دینا ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button